وہ انوکھی گاڑی جو زمین پر سفر کرنے کے ساتھ ساتھ اڑ بھی سکتی ہے

اسے ایک چینی کمپنی نے تیار کیا ہے / فوٹو بشکریہ فیوچر
اسے ایک چینی کمپنی نے تیار کیا ہے / فوٹو بشکریہ فیوچر

ویسے تو اڑنے والی گاڑیوں کو بنانے کے لیے متعدد کمپنیوں کی جانب سے کام کیا جارہا ہے مگر اب تک کچھ خاص پیشرفت نہیں ہوسکی۔

مگر چین کی ایک کمپنی Xpeng کو توقع ہے کہ اس کی اڑنے کی صلاحیت رکھنے والی گاڑی جلد عام افراد کو دستیاب ہوگی۔

لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے موقع پر اس گاڑی کو متعارف کرایا گیا جس کا ڈیزائن دنگ کر دینے والا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس فلائنگ کار کی بکنگ رواں سال کے آخر میں شروع کر دی جائے گی جبکہ یہ صارفین کو 2025 میں کسی وقت دستیاب ہوگی۔

یہ زمین پر دوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس کے پروپیلرز یا پر گاڑی کے اندر چھپے ہوتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اس گاڑی سے پرہجوم علاقوں سے اڑ کر سفر کرنا ممکن ہوگا۔

اس کے پر گاڑی کے اندر چھپے ہوتے ہیں / فوٹو بشکریہ Xpeng
اس کے پر گاڑی کے اندر چھپے ہوتے ہیں / فوٹو بشکریہ Xpeng

سی ای ایس میں تو اس گاڑی کو فضا میں بلند نہیں کیا گیا مگر یہ ضرور دکھایا گیا کہ کس طرح گاڑی کے پروپیلرز باہر نکلتے ہیں۔

یہ گاڑی کسی ڈرون کی طرح ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیت رکھتی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ جب پروپیلرز گاڑی کے اندر ہوتے ہیں تو اسے سڑک پر دوڑایا جا سکتا ہے اور جن علاقوں میں ٹریفک جام ہوگا، وہاں یہ پرواز کر سکے گی، مگر ایسا مقامی ایوی ایشن قوانین سے مشروط ہوگا۔

2 نشستوں کی اس گاڑی کے اندر ڈوئل موڈ کاک پٹ موجود ہے۔

یہ 2025 تک صارفین کو دستیاب ہوگی / فوٹو بشکریہ Xpeng
یہ 2025 تک صارفین کو دستیاب ہوگی / فوٹو بشکریہ Xpeng

کمپنی کے شریک بانی Xpeng Aeroht نے بتایا کہ ہر فرد ہی اڑنا چاہتا ہے اور اردگرد کا بہترین نظارہ کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ گاڑی 2 حصوں پر مشتمل ہے، ایک فلائنگ موڈیول جس سے پرواز کرنا ممکن ہے جبکہ دوسرا 6 وہیل موڈیول، جو سڑک پر سفر کرنے کے لیے ہے۔

اس گاڑی کو سب سے پہلے چین میں فروخت کیا جائے گا جہاں اس کی قیمت 10 لاکھ یوآن رکھی جائے گی۔

درحقیقت یہ گاڑی ایسے افراد کو فروخت کی جائے گی جو طیارے اڑانے کا تجربہ رکھتے ہوں گے۔

فی الحال اس گاڑی کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں تو یہ بتانا مشکل ہے کہ اڑتے ہوئے یہ کتنی رفتار سے سفر کر سکتی ہے اور کتنا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔

مزید خبریں :