20 جنوری ، 2013
کوئٹہ … جمعیت علمائے اسلام نظریاتی گروپ کے سینئر رہنماء مولانا فضل بڑیچ نے بلوچستان میں گورنر راج کیخلاف احتجاج اور ہڑتال کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سابق نااہل حکمراں اور جماعتیں صوبے میں جاری بدامنی، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کیخلاف احتجاج کرتیں تو عوام کو یہ دن دیکھنا نہ پڑتا۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس اور بعد میں جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے رہنمانے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کو تو پہلے ہی صوبے میں بدامنی کے باعث مستعفی ہوجانا چاہئے تھا اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق صوبائی وزراء کی بدعنوانی کا سخت نوٹس لیاجائے اوران کے اثاثہ جات کو قوم کے سامنے لایا جائے تاکہ ان کی بے بہا کرپشن سب کے سامنے عیاں ہوجائے ، اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق حکمران ٹولہ کی احتجاجی تحریک پانچ سالہ کرپشن چھپانے ، نیب سے بچاو اور نگران حکومت میں جگہ بنانے کی مہم کے سوا کچھ نہیں۔تاہم جے یو آئی نظریاتی کسی سیاسی جماعت کو بلیک میلنگ اور غیر جمہوری دباو کی اجازت نہیں دے گی۔