25 فروری ، 2012
کراچی… واجبات کی عدم ادائیگی پر کے ای ایس سی نے واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی منقطع کردی ہے جس سے شہر کو بڑے پیمانے پر پانی کی فراہمی رک گئی ہے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ بجلی منقطع کرنے سے کراچی شہر کو پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق کے ای ایس سی کا مؤقف ہے کہ دھابیجی اسٹیشن کی بجلی حتمی نوٹس کے بعد کاٹی گئی۔ کے ای ایس سی کا مزید کہنا ہے کہ 100کروڑ روپے کے ادائیگی کے نوٹس کے جواب میں واٹر بورڈ نے صرف 10فی صد ادائیگی کی۔ ادھر ایم ڈی واٹربورڈ مصباح فرید کا کہنا ہے کہ دھابیجی کے علاوہ گھارو پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بھی منقطع کردی گئی ہے اور کے ای ایس سی کے اس اقدام سے پورا کراچی متاثر ہوگا کیونکہ شہر کو 55 کروڑگیلن پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کوکے ای ایس سی کے اقدام سے آگاہ کردیاہے۔