Time 12 جنوری ، 2024
پاکستان

سینیٹ میں عام انتخابات ملتوی کرانے کی ایک اور قرارداد جمع

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

فاٹا سے سینیٹر ہدایت اللہ خان نے الیکشن کو تین ماہ کے لیے ملتوی کرنے کی قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادی۔

سینیٹرہدایت اللہ کی جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ انتخابی امیداوروں کو نشانہ بنائے جانے پر ایوان تشویش کرتا ہے۔ شمالی وزیرستان، باجوڑ، صوابی اور تربت میں مسلح حملے ہوئے ۔ الیکشن لڑنے والے ایک بزرگ سیاستدان زخمی اور ایک امیدوار جاں بحق ہوئے ۔ 

قرار داد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملک میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا ہوا ہے، امیدواروں کی رہائش گاہوں اور دفاتر میں دھمکیوں کے پمفلٹس کی تقسیم سکیورٹی اداروں کے لیے چیلنج ہے۔ آئین تمام شراکت داروں کی حفاظت اور بلا رکاوٹ شرکت یقینی بنانے پر زور دیتا ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع قرارداد میں اپیل کی گئی کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، انتخابات کے پرامن انعقاد پر غور کیا جائے، عام انتخابات کو تین ماہ کے لیے ملتوی کیا جائے۔ حکومت ایسے حالات پیدا کرے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کا میدان ملے۔سلامتی خدشات کو دور کیا جائے، دھمکیوں سے آزادی کی ضمانت دلوائی جائے۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل سینیٹ نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرانے کی ایک قرارداد کثرت رائے سے منظور کی تھی۔

مزید خبریں :