Time 15 جنوری ، 2024
پاکستان

حامد خان کا پی ٹی آئی نظریاتی سے الحاق کے معاملے سے لاتعلقی کا اظہار

میں نے الحاق سے پہلے واضح کیا تھا کہ اختر اقبال ڈار کی گارنٹی نہیں: پی ٹی آئی رہنما کا جیو نیوز کے پروگرام میں اظہار خیال— فوٹو: فائل
میں نے الحاق سے پہلے واضح کیا تھا کہ اختر اقبال ڈار کی گارنٹی نہیں: پی ٹی آئی رہنما کا جیو نیوز کے پروگرام میں اظہار خیال— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما حامد خان نے پی ٹی آئی نظریاتی سے الحاق کے معاملے سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ اختراقبال ڈار نے دباؤ کی وجہ سے مؤقف بدلا ہے، پی ٹی آئی نظریاتی سے الحاق کے فیصلے میں میری رضامندی شامل نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے الحاق سے پہلے واضح کیا تھا کہ اختر اقبال ڈار کی گارنٹی نہیں، الحاق کا فیصلہ کور کمیٹی نے کیا تھا، نہیں لگتا کہ اس فیصلے سے بانی پی ٹی آئی آگاہ تھے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ ہم نے عدالت سے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو بھی اے این پی کی طرح جرمانہ کر کے انتخابی نشان دے دے تو پارٹی دوبارہ الیکشن کرا دے گی۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں کو دوسری جماعت پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹس جاری کیے تھے اور آر اوز کو ٹکٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی  جس کے بعد پی ٹی آئی نظریاتی کے سربراہ اختر اقبال ڈار نے الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمارے جعلی ٹکٹ جمع کرائے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختر اقبال ڈار کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کے امیدوار پی ٹی آئی این کے ٹکٹ لے کر آر اوز کے پاس جارہے تھے، مجھے حیرانی ہوئی کہ کہاں سے یہ پی ٹی آئی این کے ٹکٹ لے کر جارہے ہیں، مجھے نہیں علم پی ٹی آئی کے امیدواروں نے پی ٹی آئی این کے ٹکٹ کہاں سے لیے۔

مزید خبریں :