بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا کی ڈیپ فیک ویڈیو بنانیوالا شخص گرفتار

فوٹو: انڈین میڈیا
فوٹو: انڈین میڈیا

نئی دہلی: معروف بھارتی اداکارہ  رشمیکا مندانا کی ڈیپ فیک (جعلی) ویڈیو بنانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس کی خصوصی ٹیم نے 2 ماہ کی کوششوں کے بعد  اداکارہ رشمیکا مندانا کی ڈیپ فیک ویڈیو بنانے اور اسے وائرل کرنے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق 23 سالہ ملزم بھارتی ریاست آندھرا پردیش کا رہائشی ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ سال نومبر میں اداکارہ رشمیکا مندانا کی ایک ڈیپ فیک ویڈیو  وائرل ہوئی تھی، حقیقت میں یہ کسی اور  خاتون کی ویڈیو  تھی اور ملزم نے اس کے چہرے پر  اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے رشمیکا کا چہرہ لگادیا تھا۔

فوٹو: انڈین میڈیا/ فائل
فوٹو: انڈین میڈیا/ فائل

رپورٹ کے مطابق ملزم آئی ٹی کی تعلیم حاصل کر رہا ہے اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے کورسز بھی کرچکا ہے، اس نے فیس بک پر  رشمیکا کا فین پیج بھی بنا رکھا تھا جہاں رشمیکا کی جعلی ویڈیو اپلوڈ کرنے کے بعد پیج کے فالوورز کی تعداد چند سو سے اچانک بڑھ کر لاکھ سے بھی زیادہ ہوگئی۔

اپنی ڈیپ فیک ویڈیو  سامنے آنے کے بعد اس پر ردعمل دیتے ہوئے رشمیکا کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی غیراخلاقی ڈیپ فیک ویڈیو کے بارے میں بات کرنے  پر  بہت تکلیف ہو رہی ہے، یہ انتہائی خوفناک ہے، نہ صرف میرے لیے بلکہ ہر ایک کے لیے خطرناک ہے جو آج ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کی وجہ سے اس طرح کے نقصان کا شکار ہیں۔

رشمیکا کا کہنا تھا کہ اگر یہ میرے ساتھ اس وقت ہوا ہوتا جب میں اسکول یا کالج میں زیر تعلیم تھی تو میں اس واقعے سےکیسے نمٹتی! میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ اس وقت میں اپنے آپ کو کیسے بےگناہ ثابت کرتی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ  اس سے پہلے کہ مزید لوگوں کی ساکھ کو نقصان پہنچے، ہمیں اس سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔


مزید خبریں :