22 جنوری ، 2013
کراچی…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ محنت اور لگن نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو مردہ ادارے سے ملک کی شنا خت بنادیا ہے۔ حکومت اس کی ثقافتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن مدد کرتی رہے گی۔وہ گورنر ہاوٴ س میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے نو منتخب عہدیداروں اور اراکین گورننگ باڈی کی حلف برداری کے بعد خطاب کررہے تھے۔ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا کہ موجودہ عہدیداران اور اراکین نے مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ آرٹس کونسل کو مردہ سے زندہ اور عالمی ادارے میں تبدیل کردیا ہے۔ گورنر سندھ نے آرٹس کونسل کے فن وثقافت سے وابستہ ارکان کے لیے رہائشی پلاٹوں کے معاملے کو فوری طور پر نمٹانے کے لیے کمشنر کراچی سید ہاشم رضا زیدی کو خصوصی ہدایات بھی دیں۔