22 جنوری ، 2013
اسلام آباد…ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف ہے۔ بالائی علاقوں میں خشک سردی بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں اور بلوچستان میں سردی کی لہر مزید دو دن برقرار رہے گی۔ملک کے تمام بالائی علاقوں میں چند روز سے برفباری کا سلسلہ تھما ہوا ہے۔ موسم صاف ہونے کے باوجود سردی میں کوئی کمی نہیں آرہی۔ بیشتر علاقوں کے زمینی راستے برف سے سڑکیں بند ہونے کے باعث اب بھی بند ہیں۔ مالاکنڈ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔ بلوچستان ،سندھ اور پنجاب میں بھی سردی میں کمی نہیں ہوئی ہے۔ گزشتہ روز ملک کا سرد ترین علاقہ استور رہا جہاں درجہ حرارت منفی 17 ڈگری تک گر گیا۔