کاروبار
Time 24 جنوری ، 2024

وفاقی کابینہ نے ایف بی آر میں اصلاحات کیلئے بین الوزارتی کمیٹی قائم کردی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نگران وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات کیلئے بین الوزارتی کمیٹی قائم کردی ہے۔

ایف بی آر میں اصلاحات کیلئے بنائی گئی بین الوزارتی کمیٹی کی سربراہی نگران وزیر خزانہ کریں گی۔

نجکاری، خارجہ امور، تجارت، توانائی، قانون و انصاف اور آئی ٹی کے وزرا بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ کمیٹی تجاویز پر اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کرے گی۔

نگران وزیراعظم اور تمام کابینہ ممبران نے ایف بی آر اصلاحات تجاویز کی تائید کردی ہے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نگران حکومت ایف بی آر میں اصلاحات کا ایجنڈا پایۂ تکمیل تک پہنچائے گی۔

واضح رہے کہ ایف بی آر کی سرکردہ اعلیٰ قیادت کی جانب سے ایف بی آر اصلاحات اور اس کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کے خلاف شدید مزاحمت کی جا رہی ہے۔

ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو سروسز اور کسٹم گروپ سے تعلق رکھنے والے افسران کے گروپوں نے کابینہ اجلاس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے پیش ہوکر عبوری حکومت کی جانب سے اس معاملے پر سمری کی منظوری کی سخت مخالفت کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ایف بی آر اصلاحات کی مخالفت کرنے والے افسران کا کہنا تھا کہ کہ ان کے خیال میں نگران حکومت کے پاس ایف بی آر میں بھرپور تبدیلیوں کا اختیار نہیں ہے۔

مزید خبریں :