26 جنوری ، 2024
صدیوں سے انسان دہی کھا رہے ہیں اور پاکستان میں بھی اس کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے۔
دہی کو روزمرہ کی غذا کا حصہ بنانے سے صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
مثال کے طور پر ایک کپ دہی سے جسم کو روزانہ درکار کیلشیئم کی لگ بھگ 50 فیصد مقدار مل جاتی ہے جس سے ہڈیوں کو فائدہ ہوتا ہے۔
اس سے ہٹ کر بھی دہی میں متعدد غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جن سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
مگر بیشتر افراد سرد موسم میں دہی کھانے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہوتا ہے کہ اس سے کھانسی اور نزلہ زکام کا خطرہ بڑھتا ہے۔
مگر طبی سائنس کا اس بارے میں کیا کہنا ہے؟
طبی ماہرین کے مطابق سرد موسم میں دہی کھانا صحت کے لیے مفید ہوتا ہے کیونکہ یہ مختلف غذائی اجزا اور بائیوٹیکس کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہر فرد کی اپنی ترجیح ہوتی ہے مگر دہی کو سرد موسم میں مختلف انداز سے غذا کا حصہ بنایا جاسکتا ہے اور اس سے گریز کی ضرورت نہیں۔
سرد موسم میں دہی کھانے کے فوائد درج ذیل ہیں۔
دہی میں ایسے بیکٹریا موجود ہوتے ہیں جو معدے کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں۔
پرو بائیوٹیکس یا بیکٹریا معدے کی اچھی صحت کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
یہ بیکٹریا نظام ہاضمہ کے مختلف امراض جیسے ہیضہ اور قبض سے بچانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
دہی میں لگ بھگ وہ تمام اجزا موجود ہوتے ہیں جن کی ہمارے جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔
کیلشیئم سے ہڈیوں اور دانتوں کو فائدہ ہوتا ہے۔
اسی طرح دہی میں بی وٹامنز خاص طور پر وٹامن بی 12 اور وٹامن بی 2 کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور یہ دونوں وٹامنز امراض قلب سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
دہی کے ایک کپ سے جسم کو روزانہ درکار فاسفورس کی 28 فیصد، میگنیشم کی 10 اور پوٹاشیم کی 12 فیصد مقدار مل جاتی ہے۔
یہ تینوں جسم کے متعدد افعال جیسے بلڈ پریشر، میٹابولزم اور ہڈیوں کی صحت کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
دہی میں وٹامن ڈی نہیں ہوتا مگر فورٹیفائیڈ دہی میں وٹامن ڈی موجود ہوتا ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔
دہی میں موجود پرو بائیوٹیکس سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے جس سے جسم کو مختلف انفیکشنز اور بیماریوں سے لڑنے میں مدد ملتی ہے۔
مدافعتی نظام مضبوط ہونے سے سرد موسم میں موسمی نزلہ زکام یا فلو سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
متعدد تحقیقی رپورٹس میں دہی کھانے کی عادت کو جسمانی وزن میں کمی سے منسلک کیا گیا ہے جبکہ جسمانی چربی میں بھی کمی آتی ہے۔
دہی میں موجود اجزا بشمول وٹامن بی 12 جِلدی صحت کو موسم سرما میں صحت مند رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
دہی کو کھانے کے ساتھ ساتھ جِلد پر لگانے سے خشک جِلد کی نمی بحال کرنے میں مدد ملتی ہے۔
دہی میں موجود کیلشیئم اور دیگر اجزا ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کرتے ہیں۔
کیلشیئم، پروٹین، پوٹاشیم اور فاسفورس سب ہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں اور تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ روزانہ دہی کھانے سے ہڈیوں کے مختلف امراض سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔