28 جنوری ، 2024
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کے لیے خصوصی ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران پولنگ سے 2 گھنٹے پہلے پولنگ اسٹیشنز پہنچیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایت نامے کے مطابق پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران بیلٹ پیپرزکی کاؤئنٹرز فائل پر تمام معلومات کا اندراج کریں۔
علاوہ ازیں بیلٹ پیپرز پر موجود جگہ پرووٹرز کی کاؤنٹرز فائل پر مردوں کا بایاں،خواتین کا دایاں انگوٹھا لگوائیں اور بیلٹ پیپرز کی پشت پر مخصوص نمبر والی سرکاری مہر لگائیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو شیڈول ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق عام انتخابات کے لیے ملک میں کل 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں،جن میں مردوں کے 25 ہزار 320 اور خواتین کے 23 ہزار 950 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری سمری میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں 41 ہزار 405 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔