پاکستان
Time 31 جنوری ، 2024

عمران اور نواز شریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے: بلاول

پی پی ہی وہ جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے اور اس کا شکار کرسکتی ہے، نواز شریف بتائیں چوتھی بار وزیراعظم بن کر کیا کرنا چاہتے ہیں: چیئرمین پی پی/ اسکرین گریب
 پی پی ہی وہ جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے اور اس کا شکار کرسکتی ہے، نواز شریف بتائیں چوتھی بار وزیراعظم بن کر کیا کرنا چاہتے ہیں: چیئرمین پی پی/ اسکرین گریب 

مالاکنڈ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی اور نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے جب کہ نوازشریف نے مکافات عمل کے طورپر اپنی بیٹی کے ساتھ انتقامی سیاست ہوتے ہوئے دیکھی۔

مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کل کچھ لوگ لیول پلیئنگ فیلڈ کےلیے رو رہےہیں لیکن پیپلزپارٹی کوکسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم تمام مسائل کا مل کرمقابلہ کریں گے، کہتے تھے موسم خراب ہے اور دہشتگردی ہے، انتخابات ملتوی کیےجائیں، تمام پرانے سیاستدانوں کوکہنا چاہتا ہوں آپ ملکی معیشت کے ساتھ نہ کھیلیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں کوامید دلائی کہ وہ تبدیلی لائیں گے مگر بانی پی ٹی آئی نے جب حکومت بنائی تویوٹرن لیے، آج کے فیصلے پر میں جشن نہیں مناؤں گا بلکہ بانی پی ٹی آئی کوتوبہ کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھٹوکی بیٹی کے خلاف جعلی کیسزبنائے گئے، بانی پی ٹی آئی اور نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے، نوازشریف نے مکافات عمل کے طورپر اپنی بیٹی کے ساتھ انتقامی سیاست ہوتے ہوئے دیکھی۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ میاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتے ہیں وہ کرنا کیا چاہتے ہیں؟  عوام فیصلہ کریں ان کا وزیراعظم کون ہوگا، پی پی ہی وہ جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے اور اس کا شکار کرسکتی ہے لہٰذا عوام 8 فروری کو سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں، آپ کو ہماری شکل پسند ہو یا نہ ہو، میدان میں ہم اور وہ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے خون کا سودا کرنے والا بانی پی ٹی آئی ہوتا کون ہے؟ بانی پی ٹی آئی کے فیصلوں کی وجہ سے دہشتگرد سر اٹھارہے ہیں، کبھی برداشت نہیں کروں گا کہ دہشتگرد دوبارہ ملک پرمسلط ہوں، ان کا سرکاٹ دوں گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اختلاف رائے کو سیاسی دشمنی میں کیوں تبدیل کریں؟ آصف زرداری کا گلا اورزبان کاٹی گئی لیکن انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ حکومت میں آکر پہلے دن تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کروں گا، اشرافیہ کو تکلیف پہنچاؤں گا اور عوام کوریلیف دوں گا، 17 وزارتوں کوبند کرکے عوام کو ریلیف دیں گے، کچی آباد کوریگولرائز کرنا ہے اورمالکانہ حقوق دیں گے۔

مزید خبریں :