23 جنوری ، 2013
کراچی…سندھ میں دُہری شہریت کے باعث خالی ہونے والے صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات روکنے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ شہری عبدالسمیع صدیقی اور دیگر چھ افراد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں الیکشن کمیشن اف پاکستان ، صوبائی الیکشن کمیشن اور حکومت سندھ کو فریق بنایا گیا ہے۔آئینی درخواست عبدالسمیع صدیقی اور دیگر چھ شہریوں کی جانب سے عابد زبیری ایڈوکیٹ نے دائر کی ہے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عام انتخابات قریب ہیں اور عبوری حکومت کی تشکیل کے لے بات چیت جاری ہے ، ایسے میں ضمنی انتخاب کی ضرورت نہیں ، یہ نشستیں دُہری شہریت کے باعث ایم کیو ایم کے رضا ہارون ، عسکری تقوی ، ڈاکٹر محمد علی شاہ ، عبدالمعید صدیقی اور پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ اور صادق علی میمن کے استعفوں کے بعد خالی ہوئیں تھی ان نشستوں پر ضمنی انتخابات 18 فروری کو ہونے ہیں ۔