04 فروری ، 2024
نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار داؤد خٹک تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے امیدوار عمران خٹک اور پی کے87 کے امیدوار پرویز خٹک کے حق میں دستبردار ہوگئے۔
این اے 34 اور پی کے87 سے پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار سابق ضلعی ناظم داؤد خٹک، پرویز خٹک اور ان کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئے۔
نوشہرہ میں جلسے سے خطاب اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز خٹک نےکہا کہ اصل تماشہ انتخابات کے بعد ہوگا، 25 سے 30 تحریک انصاف کے حمایتی امیدوار میرے ساتھ رابطے میں ہیں، صوبے میں حکومت بنانےکے لیے اتحاد کا فیصلہ وقت آنے پرکروں گا۔
پرویز خٹک نےکہا کہ ہماری تجویز ہے پرامن انتخابات کے لیے تمام سکیورٹی اداروں کو محنت کرنی چاہیے، الیکشن کے لیے تیاری مکمل ہےکسی کو دھاندلی کرنے نہیں دیں گے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ عدلیہ نےکسی کے دباؤ میں نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام فیصلے آئین و قانون کے مطابق کیے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ پرجرم ثابت ہوگیا ہے جس کی سزا ان کو بھگتنی ہوں گی۔