05 فروری ، 2024
ملک میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات میں اب چند ہی روز باقی ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم اپنے اختتام پر ہیں، الیکشن والے روز کچھ فارمز بہت ضروری ہوتے ہیں جن کے بارے میں جاننا ہر پاکستانی کے لیے ضروری ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں الیکشن میں کچھ اہم فارمز ہیں جن کے بارے میں ہر ووٹر اور امیدوار کو آگاہ ہونا چاہیے، فارم 45، فارم 46، فارم 47، فارم 48 اور فارم 49 وہ فارمز ہیں جو الیکشن نتائج مرتب کرنے کے نظام سے متعلق ہیں۔
ان فارمز کی مدد سے تمام پولنگ اسٹیشنز اور تمام حلقوں کے تصدیق شدہ نتائج کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
فارم 45 جسے عام طور پر "رزلٹ آف دی کاؤنٹ" کہا جاتا ہے، پاکستانی انتخابی عمل میں ایک اہم ریکارڈ ہے، اس فارم میں پولنگ اسٹیشن کا نمبر، حلقے کا نام، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد، ڈالے گئے ووٹوں کی کل تعداد اور ہر امیدوار کے حاصل کردہ ووٹوں کی تفصیل شامل ہوتی ہے۔
انتخابی عمل میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اجازت دی ہے کہ امیدوار پولنگ اسٹیشن سے فارم 45 کے ذریعے اپنے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد خود گن سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فارم 46 میں پولنگ اسٹیشن میں موصول ہونے والے بیلٹ پیپرز کی تعداد، بیلٹ باکسز سے نکالے گئےبیلٹ پیپر کی تعداد، چیلنج کیے گئے، غلط اور منسوخ شدہ بیلٹ پیپرز کی تعداد سے متلق تمام معلومات موجودہ ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ فارم 46 میں غیر قانونی نتائج کے بارے میں بھی معلومات شامل ہوتی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فارم 47 میں انتخابی حلقے کے غیر مصدقہ نتائج کے بارے میں معلومات شامل ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ اس فارم میں ڈالے گئے اور منسوخ کیے گئے ووٹوں کی تعداد کا بھی ذکر ہوتا ہے۔
الیکشن نتائج کی تیاری کے لیے فارم 48 سب سے اہم فارم ہے کیونکہ اس میں ایک حلقے میں ہر امیدوار کو ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد شامل ہوتی ہے۔
فارم 49 جسے پاکستان کے گزٹ میں شامل کیا گیا ہے اسے حتمی اور سرکاری نتیجے کا فارم بھی کہا جاتا ہے۔
فارم 49 میں امیدواروں کے نام، ان سے وابستہ سیاسی جماعتوں کے نام اور انتخابی حلقے میں حاصل کردہ ووٹ کی معلومات شامل ہوتی ہیں۔