24 جنوری ، 2013
گوجرانوالہ … گوجرانوالہ میں وین ڈرائیورز نے چالان کئے جانے پر احتجاج کے دوران ٹریفک وارڈن کی پٹائی کردی۔ گوجرانوالہ میں سیالکوٹ روڈ پر وین مالکان اور ڈرائیورز نے چالان کئے جانے پراحتجاج کرتے ہوئے گاڑیاں سڑک پر کھڑی کر کے روڈ بلاک کردیا ۔ ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ انہیں گیس پہلے نہیں ملتی، پولیس ٹریفک وارڈن دن بھر 2500 کے چالان کر دیتے ہیں۔ احتجاجی ڈرائیورز اور مالکان نے نے ڈی سی او آفس کے باہر ٹریفک وارڈن کو پکڑ کر تھپڑ اور گھونسوں کی بارش کردی۔ ڈی ایس پی ٹریفک غلام عباس کا کہنا تھا کہ پچھلے کئی روز سے شکایت مل رہی تھی کہ ڈرائیورز مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کر رہے تھے اس لئے چالان کئے گئے۔