کاروبار
24 جنوری ، 2013

لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرنے اورملک بھر میں بجلی تھر کول سے بنانے کا اعلان

اسلام آباد…مشترکا مفادات کونسل نے تمام لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرنے اورملک بھر میں بجلی تھر کول سے بنانے کا اعلان کردیا، جبکہ بجلی کی مد میں تمام صوبوں سے واجب الادا رقوم کی واپسی کے لئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔ کے ای ایس سی کو بجلی کی مد میں واجب الادا 45 ارب روپے کی واپسی کے لئے نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مشترکا مفادات کونسل کا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کوہدایت کی گئی کہ ملک بھر میں تھرکول سے بجلی بنانے کے منصوبے شروع کیے جائیں۔ کے اے ایس ای سے 300میگاواٹ بجلی واپس لینے کے بدلے فرنس آئل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔جامشورو توسیعی منصوبے کے لیے ایشین ڈوویلپمنٹ بنک نے فنڈز کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، کوئلے کے ذریعے تعمیر کیے جانے والے جامشورو منصوبے سے 600میگاواٹ بجلی جلد بننی شروع ہو جائے گی۔سی سی آئی نے ملک بھر میں ایک لاکھ پانچ ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرزکو ریگولرائز کرنے کی منظوری دے دی۔تمام لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں اور الاوٴنسز کی ادائیگی وفاق اور صوبے مل کر کریں گے۔ اجلاس میں ملک میں آئین کے مطابق بروقت انتخابات کرانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔

مزید خبریں :