Time 16 فروری ، 2024
دنیا

بھارت میں پینٹ فیکٹری میں آگ لگنے اور عمارت گرنے سے 11 افراد ہلاک

عمارت گرنے سے فیکٹری میں موجود مزدور ملبے تلے دب گئے جبکہ دھماکے کی شدت سے لگنے والی آگ نے قریبی گھروں اور دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا: حکام/ فوٹو اے پی
عمارت گرنے سے فیکٹری میں موجود مزدور ملبے تلے دب گئے جبکہ دھماکے کی شدت سے لگنے والی آگ نے قریبی گھروں اور دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا: حکام/ فوٹو اے پی

نئی دلی: بھارت میں رنگ بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے اور عمارت گرنے سے 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے شمالی علاقے علی پور میں قائم پینٹ کی فیکٹری میں شام کے وقت آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر بریگیڈ حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں سمیت آگ بجھانے کا عملہ موقع پر پہنچ گیا جس نے کولنگ کے عمل میں حصہ لیا۔

حکام نے بتایا کہ فیکٹری میں دھماکہ ہونے کے باعث آگ تیزی سے پھیلی جس پر قابو پانے کیلئے 4 گھنٹے لگے جبکہ دھماکے کی وجہ سے فیکٹری کی عمارت بھی زمین بوس ہوگئی۔

حکام کے مطابق عمارت گرنے سے فیکٹری میں موجود مزدور ملبے تلے دب گئے جبکہ دھماکے کی شدت سے لگنے والی آگ نے قریبی گھروں اور دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوگئے ہں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق فیکٹری میں آگ لگنے کی وجہ ابھی واضح طور پر سامنے نہیں آئی، البتہ ریسکیو ٹیمیں اور فائر فائٹرز ملبے میں پھنسے لوگوں کی تلاش میں مصروف ہیں اور آتشزدگی کی اصل وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔ 

مزید خبریں :