Time 23 اکتوبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

27 سال تک چھٹی کیے بغیر کلینر کا کام کرکے بچوں کو کامیاب بنانے والا شخص

27 سال تک چھٹی کیے بغیر کلینر کا کام کرکے بچوں کو کامیاب بنانے والا شخص
ان کے بچے اب زندگی میں کامیاب ہوچکے ہیں / فوٹو بشکریہ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ

والدین اپنے بچوں کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کرتے ہیں اور اپنے آرام کا خیال بھی نہیں رکھتے۔

ایسی ہی ایک مثال ملائیشیا میں صفائی کا کام کرنے والے ایک فرد نے قائم کی ہے جس نے 27 سال تک کلینر کا کام ایک دن کی چھٹی کیے بغیر کیا تاکہ اپنے بچوں کو زندگی میں کامیاب بناسکے۔

70 سالہ ابوبکر کا تعلق بنگلا دیش سے ہے اور وہ 31 سال قبل ملازمت کی تلاش میں اپنے آبائی وطن کو چھوڑ کر ملائیشیا آئے تھے۔

مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ابوبکر نے بتایا کہ انہوں نے ملائیشیا میں ملازمتوں کے مواقع کے بارے میں سنا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ہر اس کام کو کرنے کے لیے تیار تھے جو دیگر افراد کرنے سے ہچکچاتے تھے۔

ملائیشیا پہنچنے کے بعد وہ برسوں تک ہفتے میں 7 دن کام کرتے رہے اور ایک دن بھی چھٹی نہیں کی۔

وہ اپنی آمدنی کا زیادہ تر حصہ بنگلا دیش بھیجتے رہے تاکہ بچوں کی تعلیم اور خاندان کے اخراجات پورے کیے جاسکیں۔

ابوبکر کی تنخواہ کے بارے میں تو نہیں بتایا گیا مگر مقامی میڈیا کے مطابق ملائیشیا میں ایک کلینر کی ماہانہ تنخواہ اوسطاً 400 ڈالرز ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 'جب سے میں یہاں آیا ہوں بنگلا دیش واپس نہیں جا سکا، میں اپنے خاندان کو یاد کرتا ہوں اور وہ بھی مجھے یاد کرتے ہیں، مگر میں وہ سب کچھ کرتا ہوں جو میرے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ضروری ہے'۔

ان کی محنت ضائع نہیں گئی۔

ان کی بیٹی اب ایک جج بن چکی ہے جبکہ ایک بیٹا ڈاکٹر اور دوسرا انجینئر بن چکا ہے۔

ابوبکر کے مطابق 'میں اپنے بچوں کی کامیابیوں پر ان کا شکر گزار ہوں'۔

مزید خبریں :