23 اکتوبر ، 2024
بیروت: اسرائیل نے لبنانی دارالحکومت بیروت میں واقع ایک عمارت پر حملہ کیا تھا جہاں عین حملے کے وقت میزائل عمارت پر گرنے کے موقع کو ایک فوٹوگرافر نے اپنے کیمرے میں عکس بند کرلیا۔
گزشتہ دنوں اسرائیل نے بیروت کے مضافات میں واقع کچھ عمارتوں میں رہنے والوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے علاقہ خالی کرنے کا کہا تھا۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے اس خبر کے بعد ہی امریکی خبر ایجنسی کے فوٹو گرافر بلال حسین کچھ دور درختوں کی اوٹ میں کھڑے تھے اور انہوں نے اپنے کیمرے کا رخ ان عمارتوں کی جانب کر رکھا تھا کہ اچانک اسرائیل طیاروں نے ایک عمارت پر میزائلوں سے حملہ کر دیا۔
اسرائیلی حملے کے نتیجے میں عمارت چند ہی سیکنڈوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئی مگر بلال حسین کے کیمروں نے سہی سالم عمارت کی طرف میزائل آنے، عمارت کو میزائل لگنے اور عمارت کے گرنے تک کے تمام مناظر اپنے کیمرے سے عکس بند کیے۔
بعد ازاں تصاویر وائرل ہونے پر بلال حسین نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "میں نے میزائل فائر ہونے کی آواز سنی اور دیکھا کے وہ بلڈنگ کی طرف جا رہا ہے جس کے بعد میں نے اسے کی عکس بندی شروع کردی"۔
واضح رہے اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز عمارت خالی کرنے کے لیے40 منٹ کی وارننگ کے بعد لبنانی دارالحکومت بیروت کی اس عمارت پر حملہ کیا تھا۔