18 فروری ، 2024
عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرنے والے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا الیکشن سے قبل7 فروری کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔
ویڈیو بیان میں سابق کمشنر راولپنڈی نے انتخابی سامان کی ترسیل، سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر گفتگو کی تھی۔
لیاقت علی چٹھہ اپنے بیان میں کہہ رہے ہیں کہ پورے ڈویژن میں الیکشن مٹیریل اور بیلٹ پیپرز پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کیے جا رہے ہیں۔
سامنے آنے والے ویڈیو بیان لیاقت علی چٹھہ کہہ رہے ہیں کہ پولیس اور آرمی کی تحویل میں الیکشن سامان پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا جائے گا۔
سابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو ویڈیو میں کہتے سنا جا سکتا ہے کہ میں نے آر پی او کے ساتھ پورے ڈویژن کا دورہ کیا، ہر جگہ پولنگ مٹیریل اچھے طریقے سے پہنچایا جا رہا ہے۔
لیاقت علی چٹھہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ راولپنڈی ڈویژن میں 13 قومی اور 26 صوبائی نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، 8 فروری کو پولنگ کے عمل کی ہر طرح سے نگرانی کی جائے گی اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران عام انتخابات میں سنگین دھاندلی کے الزامات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو امیدوار 70، 80 ہزار ووٹوں سے جیت رہے تھے ہم نے انہیں ہروا دیا، ہم نے پاکستان کے ساتھ ظلم کیا۔
لیاقت علی چٹھہ نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی میں چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن کا عملہ اور چیف جسٹس پاکستان بھی ملوث ہیں، میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں، دیگر لوگ بھی مستعفی ہو جائیں۔