25 جنوری ، 2013
قاہرہ…مصر کے دار الحکومت قاہرہ کے تحریر اسکوائر دوبارہ ہنگاموں کا مرکز بن گیا۔حسنی مبارک کا تختہ اُلٹنے کی تحریک شروع ہونے کی دوسری سالگرہ پر عوام سراپا احتجاج ہیں، الاہلی فٹ بال کلب کے حامیوں نے قاہرہ کی میٹرو ٹرین کو بند کر دیا تھا اور جمعرات کی صبح انہوں نے اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کا بھی محاصرہ کر لیا۔ تاہم ان کے احتجاج سے اسٹاک مارکیٹ کے کاروبار میں کوئی خلل نہیں پڑا۔ انہوں نے اس ہفتے میں قاہرہ میں پورٹ سعید میں قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ سال فروری میں پورٹ سعید میں الاہلی کلب اور المصری کلب کے درمیان میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے حامیوں کے درمیان لڑائی میں ستر افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔الاہلی کے حامیوں نے بدھ کو اس واقعہ کے خلاف یوم الغضب منایا تھا۔