اسٹیڈیم میں ثنا شعیب پر آوازیں کسنے والوں کو اداکارہ مدیحہ رضوی نے آڑے ہاتھوں لے لیا

آپ ماں باپ کی کی گئی تربیت کو سرعام نیلام کررہے ہیں، عورت آپ کے آس پاس محفوظ نہیں تو آپ صرف ایک جانور ہیں: اداکارہ مدیحہ رضوی/ فائل فوٹو
آپ ماں باپ کی کی گئی تربیت کو سرعام نیلام کررہے ہیں، عورت آپ کے آس پاس محفوظ نہیں تو آپ صرف ایک جانور ہیں: اداکارہ مدیحہ رضوی/ فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ کے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں ثنا جاوید (اہلیہ شعیب ملک) پر آوازیں کسنے والوں کو اداکارہ مدیحہ رضوی نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔

دو روز قبل اداکارہ ثنا جاوید اسٹیڈیم میں اپنے شوہر کرکٹر شعیب ملک کو سپورٹ کرنے گئیں جہاں ان پر تماشائیوں کی جانب سے آوازیں کسی گئیں۔

ثنا جاوید پر تماشائیوں نے شعیب ملک کی سابق اہلیہ ثانیہ مرزا کے نام کی آوازیں کسیں جس پر ثنا جاوید وہاں سے اٹھ کر چلی گئیں جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی۔

تاہم اب اداکارہ مدیحہ رضوی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ثنا جاوید کی ویڈیو شیئر کی اور تماشائیوں کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

اداکارہ مدیحہ رضوی نے کہا کہ ثنا جاوید پر آوازیں کستے دیکھ کر دکھ ہوا، کسی کی ذاتی زندگی ہے اس طرح عوام میں کسی کا مذاق اڑانا آپ کی اپنی تربیت کو دکھاتا ہے۔

فوٹو اسکرین گریب
فوٹو اسکرین گریب

اداکارہ نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح سے آپ اپنے ماں باپ کی جانب سے کی گئی تربیت کو سرعام نیلام کر رہے ہیں، عورت آپ کے آس پاس محفوظ نہیں تو آپ صرف ایک جانور  ہیں۔

اداکارہ مدیحہ رضوی نے مزید لکھا کہ جس نے بھی ایسا کیا ہے اسے شرم آنی چاہیے۔

واضح رہے یہ واقعہ ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطان اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران پیش آیا تھا۔

مزید خبریں :