29 فروری ، 2024
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین کے دعوے کی تردید کر دی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ فافن نے مطالبہ کیا ہےکہ الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دے دینا چاہیے، موڈیز نے بھی رپورٹ دی ہےکہ سیاسی استحکام نہیں ہوگا، آئی ایم ایف کے پروگرام کو مشروط طور پر سپورٹ کیا تھا، آئی ایم ایف معاہدے سے بجلی، گیس بلوں میں اضافہ ہوگا، بجلی کا یونٹ 70 روپے تک کا ہوگیا ہے، اگر یہ رفتار رہی تو گیس کا بل ایک لاکھ روپے پر چلا جائےگا۔
اس بیان کے بعد فافن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی بھی الیکشن کمیشن سے استعفیٰ کا مطالبہ نہیں کیا، سیاسی رہنما آزاد سول سوسائٹی گروپوں کو اپنی سیاست میں نہ گھسیٹیں۔
فافن کا کہنا ہے کہ سیاسی رہنما عوامی بیانات دینے سے پہلے اپنا ہوم ورک کریں، فافن سمجھتا ہے الیکشن کمیشن کو چیلنج شدہ حلقوں کے کسی بھی آڈٹ کی قیادت کرنی چاہیے۔
فافن کے مطابق آڈٹ میں آزاد مبصرین، سیاسی جماعتوں اور متعلقہ امیدواروں کے نمائندوں کو بھی شامل کرنا چاہیے۔