دنیا
Time 04 مارچ ، 2024

10 سال بعد ملائیشیا کے گمشدہ طیارے کی تلاش دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان

طیارے کی تلاش کے لیے کثیر الملکی سرچ آپریشن کیا گیا تاہم طیارے کے بارے میں کوئی سراغ نہ ملا— فوٹو: اے ایف پی
طیارے کی تلاش کے لیے کثیر الملکی سرچ آپریشن کیا گیا تاہم طیارے کے بارے میں کوئی سراغ نہ ملا— فوٹو: اے ایف پی

ملائیشیا کی حکومت نے ایک دہائی بعد گمشدہ پرواز ایم ایچ 370 کی تلاش دوبارہ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ امریکی فرم اوشن انفنٹی نے جنوبی بحر ہند میں طیارے کی ازسر نو تلاش کے لیے رابطہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کمپنی کے ساتھ ملاقات میں طیارے کی تلاش کے حوالے سے سائنسی ثبوتوں کو دیکھا جائے گا اور اگر یہ ثبوت اطمینان بخش ہوئے تو کابینہ کی منظوری کے بعد کمپنی کے ساتھ طیارے کی تلاش کے معاہدے پر دستخط کرلیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ 8 مارچ 2014 کو ملائیشن ائیر لائن کی پرواز ایم ایچ 370 نے  عملے اور مسافروں سمیت 239 افراد کے ساتھ کوالالمپور سے بیجنگ کے لیے اڑان بھری تھی تاہم سیٹلائیٹ ڈیٹا کے مطابق پرواز کے دوران طیارہ اپنے طے شدہ راستے سے ہٹ کر لاپتہ ہوگیا تھا۔

طیارے کی تلاش کے لیے کثیر الملکی سرچ آپریشن کیا گیا تاہم طیارے کے بارے میں کوئی سراغ نہ ملا۔ بعد ازاں 2018 میں امریکی فرم اوشن انفنٹی نے طیارے کی تلاش شروع کی جو بے سود ثابت ہوئی۔

مزید خبریں :