09 مارچ ، 2024
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی جو اپنے شہریوں یا مکینوں کو دنیا بھر سے بڑھ کر جدید ترین سہولیات کی فراہمی میں سب سے آگے رہا ہے وہاں اب موبائل پیٹرول پمپس تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں جن کے ذریعے کمپنی کا عملہ شہریوں کے گھروں یا دفاتر کے باہر کھڑی گاڑیوں میں ایپ پر کئے گئے آرڈر کے مطابق پیٹرول بھر دیتا ہے۔
کمپنی نے "کافو" (CAFU) کے نام سے موبائل فون ایپ متعارف کرا رکھی ہے جس میں صرف دبئی کے موبائل فون نمبرز سے لاگ اِن کیا جا سکتا ہے۔
ایپ میں گاڑی کی تمام تفصیلات بھی فراہم کی جاتی ہیں اور ایپ یوزر سے گوگل میپ اور بینک اکاونٹس سے منسلک ہوتا ہے، کوئی بھی شہری اپنے گھر پہنچ کر اپنی گاڑی کیلئے ضرورت کے مطابق مطلوبہ پیٹرول کا آرڈر کرتا ہے اور گاڑی کے فیول ٹینک کا ڈھکن کھول کر چھوڑ جاتا ہے جس کے بعد شہری اپنے کام میں مصروف ہو جاتا ہے۔
آرڈر کرنے کے 10 منٹ کے اندر کافو کی گاڑی لوکیشن پر پہنچ کر مذکورہ گاڑی میں مطلوبہ پیٹرول بھر دیتی ہے اور اس کی ادائیگی ایپ کے ذریعے شہری کے اکاؤنٹ سے ازخود ہو جاتی ہے۔
اس طرح شہری پیٹرول پمپ سے پیٹرول بھروانے کیلئے لمبی قطار میں لگ کر ٹائم ضائع کرنے سے بچ جاتا ہے اور صبح اٹھ کر اپنی گاڑی اسٹارٹ کر کے کام کاج میں مصروف ہو جاتا ہے۔
یہی نہیں مصروف ترین شہریوں کو اس ایپ کے ذریعے کار واش، گاڑی کی بیٹری، ٹائرز، انجن آئل، انشورنس اور دیگر ہنگامی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔