09 مارچ ، 2024
راولپنڈی کی اڈیالا جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ذاتی معالجہ ڈاکٹر ثمینہ نے ان کے دانتوں کامعائنہ کرلیا۔
وکیل خالد یوسف کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا معائنہ عدالتی احکامات کی روشنی میں کیاگیا۔
انہوں نے بتایاکہ بانی پی ٹی آئی نےصحت سے متعلق بات کرنے کا اختیار علیمہ خان کو دیا ہے، ذاتی معالجہ معائنے کی رپورٹ علیمہ خان کوپیش کریں گی، انہیں جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ بھی علیمہ خان کریں گی۔
خالد یوسف کا کہنا تھاکہ آج جیل سپرنٹنڈنٹ نے بڑی عزت کے ساتھ جیل میں جانے دیا، بانی پی ٹی آئی کے معائنے کے وقت سرکاری ڈاکٹرز بھی تھے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی چیک اپ ہوا ہے، تفصیلی مؤقف علیمہ خان دیں گی، مجموعی طور پربانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک ہے۔