دنیا
Time 11 مارچ ، 2024

بھارت نے 16 سال مذاکرات کے بعد یورپی ممالک کیساتھ اربوں ڈالر سرمایہ کاری کا معاہدہ کرلیا

ایسے معاہدے کیلئے برطانیہ سے مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں جبکہ آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی تجارتی معاہدے کیے ہیں: بھارتی حکام— فوٹو: اے ایف پی
ایسے معاہدے کیلئے برطانیہ سے مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں جبکہ آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی تجارتی معاہدے کیے ہیں: بھارتی حکام— فوٹو: اے ایف پی

بھارت اور 4 یورپی ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخط کرلیے گئے ہیں، معاہدے کے تحت 4 یورپی ممالک بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت، سوئٹزر لینڈ، ناروے، لکٹنسٹائن اور آئس لینڈ کے درمیان 16 سال مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پایا ہے۔

معاہدے کے تحت چار یورپی ممالک کا گروپ اگلے 15 سال کے دوران بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، بدلے میں بھارت ان ممالک سے درآمد کی جانے والی صنعتی پیداوار پر عائد ٹیرف ختم کرے گا۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے معاہدے کیلئے برطانیہ سے مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں جبکہ آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی بھارت تجارتی معاہدے کر چکا ہے۔

سوئس حکام کا کہنا ہے کہ بھارت سوئٹزرلینڈ سے 95 فیصد سے زیادہ صنعتی درآمدات پر ٹیرف مکمل ختم کرے گا یا جزوی طور پر ہٹائے گا۔

وزیر تجارت ناروے نے کہا کہ ناروے کی کمپنیوں کی مصنوعات پر بھارت میں کوئی امپورٹ ٹیکس نہیں ہوگا۔

معاہدے کے تحت پانچوں ممالک کو اپنی اپنی حکومتوں سے معاہدے کی توثیق کروانا ہوگی۔

مزید خبریں :