27 جنوری ، 2013
لاہور … وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ اسمبلیاں وقت سے پہلے تحلیل کردی جائیں گی، انتخابات 90 دن میں ہوں گے، نگراں حکومت کیلئے طے شدہ فارمولے پر عملدرآمد ہوگا، پارلیمنٹ کو کام سے نہیں روکا جاسکتا، این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز صوبوں کے پاس ہیں ان پر وفاقی حکومت کا کنٹرول نہیں، انتخابات شروع ہوتے ہی فنڈز کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے۔ لاہور میں طاہر القادری سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ جب الیکشن کا اعلان ہوگا تو الیکشن کمیشن متحرک ہوجائے گا، انتخابات شروع ہوتے ہی فنڈز کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے، اگلے 7 سے 10 دنوں میں اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ طاہرالقادری کو بتائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پورے ملک میں انتخابات ایک ہی دن ہوں، ہم آئین کی اصل شکل کو نہیں بگاڑیں گے، اسمبلیاں وقت سے پہلے تحلیل کردی جائیں گی، اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن میں انتخابات ہوں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کیلئے طے شدہ فارمولے پر عملدرآمد ہوگا، پارلیمنٹ کو کام سے نہیں روکا جاسکتا ، این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز صوبوں کے پاس ہیں، صوبائی حکومت کے فنڈز پر وفاقی حکومت کا کنٹرول نہیں۔