12 مارچ ، 2024
ٹھٹہ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی کشتی الاسد کے لاپتہ ماہی گیروں کیلئے سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 4 لاپتہ ماہی گیروں کے جسد خاکی کھلے سمندر مل گئے جس کے بعد لاپتہ تمام 14 ماہی گیروں کے جسد خاکی سمندر سے نکال لیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ پاک بحریہ اور میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے ہوائی جہاز، ہیلی کاپٹرز، بحری جہاز اور فاسٹ بوٹس کے ذریعے ریسکیو آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 10لاپتہ ماہی گیروں کے جسد خاکی سمندر سے نکالے گئے تھے اور زیادہ تر افراد کا تعلق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری سے تھا۔
خیال رہے کہ 5 مارچ کو ابراہیم حیدری کراچی سے الاسد نامی لانچ شکار کیلئے گہرے سمندر میں گئی تھی، تیز ہواؤں کے باعث یہ کشتی الٹ گئی۔کشتی میں 45 ماہی گیر سوار تھے جن میں سے 31 کو بچالیاگیا تھا۔