کھیل
Time 13 مارچ ، 2024

ویڈیو: آئرلینڈ کیخلاف میچ کے دوران افغان کرکٹرز نے میدان میں روزہ افطار کیا

آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ کے دوران افغان کرکٹرز  نے میدان میں روزہ افطار کیا اور ساتھی کھلاڑیوں نے ڈریسنگ روم میں نماز ادا کی۔

گزشتہ روز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان 3 میچز پر مشتمل سیریز کا آخری ون ڈے میچ کھیلا گیا۔

آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور افغانستان نے پہلے بیٹنگ کی۔

افغانستان کی اننگز کے دوران جیسے ہی مغرب کا وقت ہوا تو میچ کو کچھ لمحے کے لیے روکا گیا،اس دوران بیٹنگ پر موجود افغان بیٹر محمد نبی اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے میدان میں ہی روزہ افطار کیا۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرکٹر کے میدان میں روزہ افطار کرنے کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں محمد نبی اور حشمت اللہ کو کھجور اور پانی کے ساتھ روزہ افطار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ ڈریسنگ روم میں موجود دیگر افغان کرکٹر نے بھی روزہ کھولا اور نماز ادا کی۔  

واضح رہے کہ افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز اسکور کیے۔رحمان اللہ گرباز 51، حشمت اللہ 69 اور محمد نبی 48 رنز بناکر نمایاں رہے۔

237 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم صرف119 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں افغانستان نے 117 رنز سے میچ میں کامیابی حاصل کی اور سیریز میں دو صفر سے اپنے نام کرلی۔

مزید خبریں :