Time 13 مارچ ، 2024
پاکستان

ہماری 20 جیتی سیٹوں پر دوبارہ گنتی کروا کر جھرلو پھیرا جانیوالا ہے: عمر ایوب

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عمر ایوب نے دعوی کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی 20 جیتی سیٹوں پر دوبارہ گنتی کرا کر جھرلو پھیرا جانے والا ہے، ڈیل کے تحت چیف الیکشن کمشنر کو کینیڈا میں سفیر لگوایا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمر ایوب نے اسپیکر سے اپنے قائد حزب اختلاف ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا ساتھ ہی کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کا راستہ روکنے والے انسپکٹر مشتاق کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

عمر ایوب نے کہا کہ پولیس کے انسپکٹر مشتاق نے ارکان پارلیمنٹ کا راستہ روکا، اس نے ارکان کے لیے قومی اسمبلی کا دروازہ بند کیا، اسے یہ استحقاق کس نے دیا کہ ارکان کو پارلیمنٹ آنے سے روکے، ایسا پولیس والا کل آپ کا بھی راستہ روکے گا۔

انہوں نے کہا کہ بتایاجائے کہ کیا ہمیں قومی اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کا حق نہیں ہے، جناب اسپیکر، اس پولیس افسر کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ لیڈرآف اپوزیشن کے لیے ارکان کے دستخط والی دستاویز فراہم کردی ہے، براہ کرم میرا لیڈر آف دی اپوزیشن کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے، سکیورٹی وجوہات کو بنیاد بنا کر ان کی ملاقاتوں پرپابندی لگائی گئی ہے، ہم اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ شاندانہ گلزارکو ایف آئی اے نےنام نہاد وزیراعلیٰ مریم نواز کے کہنے پر خط لکھا، شاندانہ گلزار کو پیش ہونے کا کہا جا رہا ہے ہم اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔

مزید خبریں :