وزیراعظم سے بلوچستان کے 2022 کے سیلاب متاثرہ طالب علم کی ملاقات

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

وزیراعظم شہباز شریف سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 2022 کے سیلاب متاثرہ طالب علم اکرام اللہ نے ملاقات کی۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں  اکرام اللہ نے وزیراعظم کو پھول پیش کیے اور ملاقات کا موقع دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے طالب علم کی خود  اعتمادی کی تعریف کی، اسے تحائف دیے اور  وزیراعظم ہاؤس کا دورہ بھی کرایا۔

طالب علم نے کہا کہ وہ شہباز  شریف کی بدولت آج لارنس کالج مری میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے طالب علم کو خوب پڑھنے لکھنے کی نصیحت کی اور آئندہ کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا بھی اعلان کیا۔

یاد رہے کہ اگست 2022 میں وزیراعظم شہباز شریف نے  سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور وفاقی وزرا کے ہمراہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

شہباز شریف قلعہ سیف اللہ پہنچے تھے جہاں ایک بچے نے وزیر اعظم سے اپنے علاقے میں ناقص تعلیمی نظام کی شکایت کی تھی۔

بچے نے کہا تھاکہ 'یہاں تعلیم کا مسئلہ ہے، سرکاری اسکول میں اگر ہم جائیں تو وہاں اساتذہ نہیں آتے، اپنی نوکری ٹھیک طرح سے نہیں کرتے اور وقت پر آتے بھی نہیں ہیں'۔

وزیر اعظم نے سوال کیا تھا کہ 'بیٹا اب تک جو تعلیم حاصل کی،کیا وہ گھر میں کی ہے؟'

طالب علم نے بتایا تھا کہ 'تھوڑا ٹیچر کی مدد سے کی اور کچھ ٹیوشن پر جاتا تھا'۔

شہباز شریف نے ہدایت کی تھی اس بچے کو اعلیٰ تعلیم دلوائی جائے، جہاں یہ بچہ چاہے اسے داخلہ دلوایا جائے، اسے مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، بعد ازاں بچے کا لارنس کالج مری میں داخلہ کرا دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :