20 مارچ ، 2024
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ کالعدم ٹی ٹی پی کا جو بیانیہ ہے وہی بیانیہ پی ٹی آئی کا ہے، 9 مئی اور دہشت گردوں کو ایک ہی طرح ڈیل کیا جائےگا۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ دھاندلی کا شور کرنے والے جو مرضی کریں ہم صرف غریب کا چولہا جلانے پر توجہ دیں گے، دھاندلی پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے، جہاں حلقے کھلتے ہیں پی ٹی آئی اسٹے لے لیتی ہے، یہ صرف شور اس لیے کرتے ہیں تاکہ ڈیل ہو سکے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ 9 مئی اور دہشت گردوں کو ایک ہی طرح ڈیل کیا جائے گا، آئی ایم ایف کی ڈیل نہ ملے تو روٹی نایاب ہو جائےگی،سری لنکا جیسے حالات ہوجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت ملکی مسائل کے حل کے لیے ایک ساتھ چل رہی ہے، ملک میں اپنی مرضی سے آنا جانا ہر شہری کا حق ہے، پاکستان پر بیرونی دشمن اور اندر ٹی ٹی پی حملہ آور ہے، پی ٹی آئی نے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ٹی ٹی پی کی طرح کام کیا۔