Time 23 مارچ ، 2024
کاروبار

ایف بی آر نے تاجروں کی لازمی رجسٹریشن اسکیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجروں کی لازمی رجسٹریشن سے متعلق اسکیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ایف بی آر کے مطابق ریٹیلرز  اور  ہول سیلرز کی  رجسٹریشن اسکیم کا اطلاق ابتدائی طور  پر 6 بڑے شہروں میں ہوگا، ان شہروں  میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی،کوئٹہ اور  پشاور شامل ہیں۔

ایف بی آر  نے اسپیشل پروسیجرز فار اسمال ٹریڈرز اینڈ شاپ کیپرز کے نام  سے اسکیم پر اسٹیک ہولڈرز سے آرا بھی طلب کرلیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تاجروں سے ٹیکس دکان کی سالانہ رینٹل ویلیو کے حساب  سے وصول کیا جائےگا، ہر دکاندار کو  سالانہ کم از کم 1200 روپے انکم ٹیکس دینا ہوگا، سال 2023 کا انکم ٹیکس گوشوارہ  جمع کرانے  والے تاجروں کو  بھی رعایت ملےگی، اسکیم کا اطلاق یکم  اپریل سے ہوگا  تاہم  پہلی ٹیکس وصولی 15جولائی سے ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  ملک بھر میں ڈیلرز، ریٹیلرز، مینوفیکچرر  اور  امپورٹر کم ریٹیلرز کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، اسٹورز، دکانیں، ویئر ہاؤسز  اور کاروباری دفاتر رجسٹریشن کرانے کے  پابند ہوں گے، ریٹیلرز اور ہول سیلرز کی رجسٹریشن کرکےایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیاجائےگا۔

ایف بی آر کا کہنا ہےکہ  ہر ماہ کی مقررہ  15 تاریخ سے پہلے ٹیکس  دینے کی صورت  میں تاجروں کو 25  فیصد رعایت  ملےگی، قانون  پر عمل نہ کرنےکی صورت میں نیشنل بزنس رجسٹری میں زبردستی رجسٹریشن کی جائےگی،  تاجر دوست ایپ کے ذریعے تاجروں اور دکانداروں کا سینٹرل ڈیٹابیس تیار کیا جائےگا۔