29 جنوری ، 2013
کراچی…امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرون حملوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا رہنما ملا فضل اللہ امریکی لسٹ میں سب سے اُوپر ہے۔بلکہ حالیہ امریکی ڈرون حملوں میں اس کے مارے جانے کی متنازعہ رپورٹس بھی ہیں۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ڈرون حملوں کے اہداف میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رہنما ملا فضل اللہ کانام سر فہرست ہے۔رپورٹ میں اعلی امریکی اسپیشل آپریشنز کے اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملا فضل اللہ امریکا کی ترجیح ہے اور ڈرون حملے میں اسے نشانہ کیلئے تمام توجہ اس کی طرف مرکوز ہے۔اہلکار کا کہنا تھا کہ ڈرون سے ملافضل کو ٹارگٹ کرنے کیلئے اس کی جاسوسی بھی کی جارہی ہے۔رپورٹ کے مطابق افغان صوبہ نورستان میں حالیہ امریکی ڈرون حملے میں ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی متنازعہ اطلاعات بھی ہیں۔کیونکہ ابھی تک کسی امریکی یا پاکستانی اہلکار نے اس کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔جبکہ اس کے کچھ ساتھیوں کا دعویٰ ہے کہ وہ ابھی زندہ ہے۔