Time 01 اپریل ، 2024
پاکستان

کراچی کے تاجروں کا سندھ حکومت سے کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کا مطالبہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے تاجروں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

قائم مقام صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز الطاف غفار کا کہنا ہے کہ سندھ کی تمام شاہراہوں پر ڈاکو راج ہے، قتل، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور لوٹ مار سمیت مجرمانہ سرگرمیاں بڑھنے پر تشویش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غروب آفتاب کے بعد سندھ کی شاہراہوں سے گزرنا تقریباً ناممکن ہے،  لاقانونیت کے باعث مال بردار گاڑیاں سامان لے جانے سے انکار کر دیتی ہیں۔

الطاف غفار کا کہنا تھا کہ ڈاکو سپر ہائی وے، نیشنل ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر مقررہ جگہوں پر لوٹ مار کرتے ہیں، سندھ کے کچے کے علاقے تک محدود مجرمانہ سرگرمیاں اب شاہراہوں تک بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کے لیے سامان کی ترسیل درد سر بن گیا ہے، سامان کی ترسیل میں خلل سے نقل و حمل کی لاگت بڑھ رہی ہے۔

قائم مقام صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ اور آئی جی سندھ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں اور کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کریں۔

مزید خبریں :