موٹروے، ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر ڈاکو راج، سکھر کی کاروباری سرگرمیاں متاثر

سکھر ملتان موٹروے، نیشنل ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر ڈاکو راج کی وجہ سے سندھ کے اہم تجارتی شہر سکھر میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ چھوٹے شہروں کے تاجروں اور فیملیز نے خریداری کے لیے سکھر آنا ترک کر دیا ہےکیونکہ ڈکیتیوں کی وجہ سے لوگ ہائی ویز پر رقم کے ساتھ سفر کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

سندھ کے دوسرے بڑے تجارتی مرکز سکھر کی ہول سیل اور ریٹیل مارکیٹوں میں تاحال عید کی خریداری شروع نہیں ہوسکی، جس کی وجہ مہنگائی اور مسلسل خراب ہوتی امن و امان صورتحال ہے۔

کشمور گھوٹکی،جیکب آباد سبی و دیگر شہروں کی عام فیملیز ہوں یا کاروباری افراد خریداری کر کے سکھر کے تجارتی مراکز سے شام یا رات دیر گئے تک بلا خوف و خطر شاپنگ مکمل کرکے اپنے آبائی علاقوں کو واپس لوٹ جاتے تھے مگر ان دنوں ایم 5 موٹروے سمیت نیشنل اور انڈس ہائی ویز پر ڈاکوراج کے بعد سکھر کے تاجر ان خریداروں کے منتظر ہیں جو موجودہ حالات میں بلا ضرورت بازاروں کا رخ کرنے سے گریزاں ہیں۔

ڈی آئی جی عبد الحمید کھوسہ کے مطابق موٹروے سمیت تمام شاہراہوں پر  رینجرز اور پولیس کا گشت بڑھایا گیا ہے جس کے بعد سے کرائم کنٹرول ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچا ہم نے تھری لیئرز میں پورا سیل کردیا ہے، اب کچے سے ڈاکو نہیں آسکتا ،کچے پر ریڈ کرکے ان کی کمین گاہیں تباہ کی ہیں اور 24 ڈاکو پولیس نے مقابلوں میں مارے ہیں۔

تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ بدامنی پرفوری قابو پایا جائے تاکہ کاروباری حضرات کاروبار اور لوگ بلاخوف و خطر عید کی خریداری کر سکیں۔

مزید خبریں :