30 جنوری ، 2013
راولپنڈی … ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ شاید انہیں پاکستان کبھی نہ آنے دیا جائے لیکن وہ جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، 25 سال سے پنجاب میں اپنا پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر ہر بار کراچی کے حالات خراب کردیئے جاتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے راولپنڈی میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کی واحد جماعت ہے جو غریب اور متوسط طبقے کی نمائندگی کرتی ہے، کوئی اور جماعت ایسا دعویٰ نہیں کر سکتی۔ الطاف حسین نے سوال کیا کہ کیا لوگوں نے انہیں یا ان کے خاندان کے کسی فرد کو اسمبلیوں میں دیکھا؟۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اپنا پیغام پہنچانے کی جب بھی کوشش کی کراچی کے حالات خراب کرادیئے گئے، ایم کیو ایم بہت جلد پنجاب میں بڑا جلسہ کرے گی، اپنا پیغام ملک کے چپے چپے تک پہنچائیں گے۔ الطاف حسین نے کہا کہ ہربری بات میں پاکستان نے نام کمایا ہے، ان کی جماعت جیسا چل رہا ہے ویسا چلنے دو کے خلاف ہے، ملک سے اسٹیٹس کو کا خاتمہ چاہتے ہیں جو بیلٹ سے ہو سکتا ہے بْلٹ سے نہیں۔