پاکستان
Time 13 اپریل ، 2024

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی کھلی کچہری ، عوامی مسائل سنے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کھلی کچہری  لگاتے ہوئےعوامی مسائل سنے اور کہا کہ عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے لیے پوری نیک نیتی سے کام کررہے ہیں۔

ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گورننس کا نظام شدید بد انتظامی کا شکار ہے ، اسے درست کرنے میں وقت لگے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ100 فیصد درست کرنے کا دعوٰی نہیں کرتا، تاہم درست سمت کا تعین ضرور کریں گے، جزا و سزا کے بغیر گورننس میں بہتری نہیں آسکتی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ میں عوام میں سے ہی ہوں ،اس لیے عوامی مسائل کا ادراک ہے ، عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے پوری نیک نیتی سے کام کررہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مختص وسائل سے بلوچستان کے ہر فرد کا علاج ملک کے مہنگے ترین نجی اسپتال سے ہوسکتا ہے، تعلیم کا بجٹ صوبے کے ہر بچے پر خرچ کریں تو ہر بچہ مہنگے ترین نجی اسکول میں تعلیم حاصل کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوچنا ہوگا کہ مختص وسائل کا استعمال کیسے ہو رہا ہے، عوامی مسائل مختص وسائل کے غلط استعمال کے باعث ہیں، بدعنوانی روک کر عوام کے وسائل عوام پر خرچ کرنا ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں سرکاری امور میں جوابدہی کا عمل کمزور پڑ چکا ہے ، ہمیں مصلحتوں سے نکل کر صوبے اور غریب عوام کے لیے سوچنا ہوگا، بلوچستان کی بے امنی کا تعلق پسماندگی سے نہیں ہے۔

مزید خبریں :