پاکستان
Time 13 اپریل ، 2024

سیرت میوزیم اسلاموفوبیا کے ناپاک پروپیگنڈے کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریگا: وزیراعظم

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سعودی عرب مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کررہا ہے—اسکرین گریب
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سعودی عرب مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کررہا ہے—اسکرین گریب

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلا م آباد میں قائم ہونے والا سیرت میوزیم اسلاموفوبیا کے ناپاک پروپیگنڈے کے خاتمے میں اہم کردار  ادا کرے گا۔

وزیر اعظم نے سیرت نبویﷺ پر آگاہی کے لیے تعمیر ہونے والے سیرت میوزیم کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی، تقریب میں  مسلم ورلڈلیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم آل عیسیٰ بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے  تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان کے لیے سعودی عرب کی خصوصی توجہ قیمتی سرمایہ ہے، فیصل مسجد سے سیرت میوزیم تک سعودی عرب کی محبتوں کے نشانات دیکھے جاسکتے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نےکہا کہ سعودی عرب پاکستان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، سعودی حکومت پاکستان کے لیے بے پناہ محبت کے جذبات رکھتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب بھی پاکستان مشکل میں آیا تو سعودی عرب نے دل کھول کر ساتھ دیا، سعودی ولی عہد نے ہمارے دورے کے دوران وفد کی پذیرائی کی، بہت جلد اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان تشریف لارہا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے پاکستان کے عوام کے لیے بے پناہ محبت کے جذبات کا اظہارکیا، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کی گفتگو سے ہمیشہ پاکستان کے لیے محبت نظر آتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سعودی عرب مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیرت میوزیم اسلاموفوبیا کے ناپاک پروپیگنڈےکے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا،گزشہ دہائی میں وسائل پر قبضے کی جنگ کی وجہ سے نظریاتی تصادم پیدا کیا گیا، اسلام اور مسلمانوں سے متعلق منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے۔

مزید خبریں :