دنیا
30 جنوری ، 2013

شام کا تنازع،بربادی کی نظیر نہیں ملتی،لخدر براہیمی

شام کا تنازع،بربادی کی نظیر نہیں ملتی،لخدر براہیمی

نیویارک …شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی لخدر براہیمی نے کہا ہے کہ شام کا تنازع ہولناکی کی اس سطح تک پہنچ گیا ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ لخدر براہیمی نے اقوام متحدہ کی 15ارکان پر مشتمل سلامتی کونسل کو بند کمرے کے اجلاس میں بتایا کہ شام آہستہ آہستہ تباہ ہورہا ہے،ہولناکی اس حد تک پہنچ گئی ہے کہ اس سانحے کا کوئی اختتام نہیں۔ انہوں نے سلامتی کونسل پر شام کے بارے میں اتفاقِ رائے قائم کرنے اور کارروائی کرنے پر زور دیا۔ لخدر براہیمی نے کہا کہ خطے کو انتہائی خراب صورتِ حال میں دھکیل دیا گیا ہے، میرا خیال ہے کہ سکیورٹی کونسل مزید یہ نہیں کہہ سکتی کہ ہمیں اتفاق نہیں،لہذا اچھے وقتوں کا انتظار کرنا چاہیے، میں سمجھتاہوں اب انہیں اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔اقوام متحدہ کے ایلچی کی اس اپیل سے گھنٹوں پہلے شام شہر حلب میں درجنوں لاشیں ملیں۔ شامی حکومت اور حزب اختلاف نے ان ہلاکتوں کا الزام ایک دوسرے پر لگایا ہے۔حزب اختلاف کے مطابق باغیوں کے کنٹرول والے ضلع بستان القصر میں ایک دریا کے کنارے کم از کم 71 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

مزید خبریں :