31 جنوری ، 2013
اسلام آباد…وزیرداخلہ رحمان ملک نے آئندہ ہفتے چاروں صوبوں کے آئی جیز،سیکریٹری داخلہ اورانٹیلی جنس اداروں کے اعلیٰ حکام کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان میں دہشت گردی کی نئی لہر کی جو بات کی ہے اس کا آغاز کراچی میں ہونے والے دھماکوں سے ہوگیا ہے۔ رحمان ملک نے جنگ کے سینیئر صحافی پرویز شوکت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس میں دہشت گردی کی ممکنہ لہر پر قابوپانے کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں گے اور انٹیلی جنس اطلاعات مربوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق جب بھی اطلاعات دیں وہ تمام کی تمام درست ثابت ہوئیں۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ بحیثیت وزیر داخلہ دہشت گردی پر قابوپانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے اور کرتے رہیں گے۔