31 جنوری ، 2013
کراچی…کراچی میں بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے قائم خانی کالونی سے تین مغوی افراد کی بوریوں میں بند لاشیں ملیں، جبکہ ٹمبر مارکیٹ کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، ادھرلانڈھی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے قائم خانی کالونی میں حق باہو چوک کے قریب سے 3 افراد کی بوریوں میں بند لاشیں ملیں، جنھیں تشدد کے بعد سر میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کو اورنگی ٹاوٴن کے علاقے سے گزشتہ روز شام 6 بجے اغواء کیا گیا تھا جس کے بعد سے تینوں افراد کے موبائل فون بند ہوگئے تھے۔ رینجرز ذرائع کے مطابق اقبال مارکیٹ اور موچکو تھانوں کے حدود کے تناظے کے باعث لاشیں ڈیرھ گھنٹے تک جائے وقوع پر ہی پڑی رہیں، ایم ایل او سول اسپتال ڈاکٹر آفتاب چنٹر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تینوں افراد کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر سر میں گولیاں ماری گئیں، جبکہ انکے گلوں میں کپڑے کا پھندا بھی لگایا گیا تھا۔ اولڈ سٹی ایریا کے علاقے میں ٹمبر مارکیٹ کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی،مقتول کی آنکھوں پر پٹی بھی بندی ہوئی تھی،جبکہ مقتول کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ لانڈھی میں حبیب گراوٴنڈ کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت 24 سالہ دانش کے نام سے ہوئی ہے۔