Time 18 اپریل ، 2024
کھیل

کراچی کی گلیوں میں کھیلی جانیوالی ٹیپ بال کرکٹ کو انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی اپنالیا

تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

کراچی کے گلی محلوں میں کھیلی جانیوالی اسٹریٹ ٹیپ بال کرکٹ کو انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بھی اپنا لیا۔

ای سی بی نے رواں  ماہ قومی سطح  پر ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان کردیا اور  ایونٹ کی تشہیر کے لیے عادل رشید اور ڈیوڈ ملان جیسے اسٹار کھلاڑیوں کو بھی شامل کرلیا ہے۔

ای سی بی نے ٹیپ بال کرکٹ کا اعلان کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف بھی کیا ہےکہ یہ ایونٹ کراچی کی گلیوں سے نکل کر آیا ہے جس کو کہیں بھی اور کسی بھی وقت کھیلا جاسکتا ہے، اسے کھیلنے کے لیے کھلاڑیوں کو کچھ زیادہ سامان کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔

اس ہفتے کے آخر میں ہونے والے ایونٹ میں 12 شہروں سے مردوں اور خواتین کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

اس ایونٹ کے لیے انگلش کرکٹ بورڈ کے اعلان کردہ قوانین بھی وہی ہیں جس کے تحت کراچی میں شاید ہر دوسرے بچے نے کرکٹ کھیلی ہو ۔ ان قوانین میں سب سے قابل ذکر ، کراچی کی گلیوں کا مشہور  ’دیوار کیچ ایک ہاتھ‘ کا قانون ہے۔

ایونٹ قوانین کے مطابق اگر گیند دیوار یا چھت سے ٹکراتی ہے اور فیلڈر ایک ہاتھ سے کیچ کرے تو بیٹر آؤٹ ہوگا۔

ایونٹ میں ہر ٹیم 8 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، 8 اوورز فی اننگ پر مشتمل گیم میں 7 بولرز کا اوور کرانا لازمی ہوگا، ایک کھلاڑی دو اوور کراسکتا ہے۔ فیلڈنگ ٹیم کو بولنگ اینڈ کے اسٹمپ کے پیچھے صرف دو فیلڈرز کی اجازت ہوگی۔

 وائیڈ اور نو بال پر تین رنز ملیں گے جبکہ بیٹر انفرادی اسکور 30 رنز ہونے پر ریٹائر ہوجائیں گے لیکن اگر تمام کھلاڑی باری مکمل کرچکیں تو ریٹائرڈ بیٹر  واپس بیٹنگ پر آسکتے ہیں۔

قوانین کے مطابق وکٹوں کے درمیان دوڑ کر بننے والا رن، ایک کے بجائے دو رنز گنے جائیں گے۔

مزید خبریں :