Time 19 اپریل ، 2024
پاکستان

کراچی میں غیر ملکیوں پر حملہ کرنیوالے خودکش بمباروں کی ویڈیو سامنے آگئی

کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خود کش دھماکے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر  آگئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس اہلکار کو دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ کرتے دیکھاجاسکتا ہے، ویڈیو میں فائرنگ کی آوازیں بھی واضح طوپر سنی جا سکتی ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ  پولیس اہلکار اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ 6 بج کر 38 منٹ پر ہوا۔

واضح رہے کہ مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر ہونے والے خودکش دھماکے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں زخمی سکیورٹی گارڈ بعد ازاں اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

 انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تین گاڑیوں میں غیر ملکی جا رہے تھے، خود کش حملہ آور جائے وقوعہ کے قریب موجود تھے، سکیورٹی گارڈ نے حملہ آورں پر فائرنگ کرکے حملہ ناکام بنایا۔

راجہ عمر خطاب کے مطابق  اسپیڈ بریکر پر گاڑی آہستہ ہوئی تو حملہ کیا گیا، گاڑیوں میں موجود تمام غیر ملکی محفوظ رہے، دہشت گرد موٹرسائیکل پرگاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے پہنچے، جائے وقوعہ کے قریب دہشت گرد موٹر سائیکل سے اترگئے، دہشت گرد گاڑی کے قریب پیدل پہنچے اور فائرنگ کی جس پر وین کے پیچھے موجود سکیورٹی گارڈز نے جوابی فائرنگ کی۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد مارا گیا، دوسرے دہشت گرد نے وین کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑایا، غیر ملکیوں کے ہمراہ موجود سکیورٹی گارڈز نے دہشت گرد سے مقابلہ کیا، دہشت گردکو سر پر گولی مارکر ہلاک کیاگیا۔


مزید خبریں :