پاکستان
31 جنوری ، 2013

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق انٹراکورٹ اپیل خارج

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق انٹراکورٹ اپیل خارج

اسلام آباد…اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف آف آرمی اسٹاف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق انٹراکورٹ اپیل خارج کر دی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ نے محض آرمی چیف سے مراعات واپس لینے کی بات کی ہے، یہ استدعا ہی نہیں کی کہ آرمی چیف سے پوچھا جائے وہ کس اختیار کے تحت یہ عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی انٹراکورٹ اپیل کی سماعت جسٹس انور کاسی اور جسٹس شوکت صدیقی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ انٹراکورٹ اپیل عدالتی فیصلے کے خلاف دائر کی گئی جس میں عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا تھا۔ درخواست گزار کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم نے موقف اختیار کیا کہ آرمی ایکٹ کے تحت آرمی چیف 60سال کی مدت کے بعد وردی میں نہیں رہ سکتے، 29نومبر 2010 کو تین سال کے لیے آرمی چیف کو توسیع دی گئی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اس موقع پر درخواست گزار سے کہا کہ آپ نے کو وارنٹو کی رٹ دائر نہیں کی، آپ نے یہ استدعا نہیں کی کہ آرمی چیف سے پوچھا جائے وہ کس اختیار کے تحت یہ عہدہ سنبھالے ہوئے ہوئے، آپ نے محض آرمی چیف سے مراعات واپس لینے کی بات کی ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ رٹ پٹیشن میں ترمیم کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے کہا کہ جو رٹ پٹیشن خارج ہو چکی اس میں ترمیم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مزید خبریں :