20 اپریل ، 2024
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں کسٹمز حکام کی گاڑی پر حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے واقعے میں شہید ہونے والے کسٹمز اہلکاروں کی مغفرت اوران کے اہلِ خانہ کیلئے صبر و جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اب حکومت کی ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین ایف بی آرکو واقعے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں کیلئے شہدا پیکج تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران وطن پر اپنی جان نچھاور کرنے والے شہدا اپنے رب کےہاں زندہ ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور اسمگلنگ کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، ایسی بزدلانہ کارروائیاں حکومت کا عزم متزلزل نہیں کر سکتیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن روڈ پر فائرنگ سے 5 کسٹم اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔