20 اپریل ، 2024
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو 1-2 سے شکست دے دی۔
کراٹے کومبیٹ 45 میں پاک بھارت مقابلے کیلئے پہلی فائٹ پاکستان کے رضوان علی اور انڈیا کے پوون گپتا کے درمیان ہوئی جس میں پاکستانی فائٹر نے حریف کو ابتدا ہی میں ناک آؤٹ کردیا۔
دوسری فائٹ کیلئے ہمانشو کوشک سے مقابلہ کیلئے علومی کریم کی جگہ فیضان خان ایرینا میں آئے۔ علومی کریم ویٹ برابر نہ ہونے کی وجہ سے فائٹ میں شرکت سے محروم رہے۔
فیضان نے بھارتی حریف سے مقابلہ تو خوب کیا لیکن وہ اس کو زیر کرنے میں ناکام رہے یوں مقابلہ ایک ایک سے برابر ہوگیا۔ فیصلہ کن معرکے کیلئے پاکستان کے کپتان شاہ زیب رند اور انڈیا کے رانا سنگھ میدان ایرینا میں اترے۔
شاہ زیب نے فائٹ کے آغاز میں ہی رانا سنگھ پر پے درپے وار کیے اور انہیں اتنا بے بس کردیا کہ وہ ایک کونے میں دبک گئے اور کافی دیر اٹھ نہ سکے یوں انڈین فائٹر شاہ زیب کے خلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ قرار پائے۔
یوں پاکستان نے معرکہ 1-2 سے جیت لیا۔ فائٹ کے بعد شاہ زیب رند نے امن کا پیغام دیتے ہوئے پاکستان اور بھارت کا جھنڈا اٹھایا اور کہا کہ وہ امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔