معروف پینٹنگ مونا لیزا کی نئی ویڈیو آپ کو دنگ کر دے گی

مشہور پینٹنگ مونا لیزا کو اس کی پراسرار مسکراہٹ کے لیے جانا جاتا ہے مگر اب وہ کافی کچھ کرنے کے قابل ہوگئی ہے اور ایسا نئی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی بدولت ہوا۔

جی ہاں مائیکرو سافٹ نے ایک نئی اے آئی ٹیکنالوجی تیار کی ہے، جس کے بارے میں گزشتہ دنوں تفصیلات جاری کی گئی تھیں۔

یہ نیا اے آئی ماڈل ایک ساکت تصویر اور ایک آڈیو کلپ کو لے کر خودکار طور پر ایک حقیقی نظر آنے والی ویڈیو تیار کرلیتا ہے جس میں وہ فرد بات کر رہا ہوتا ہے۔

یہ ٹیکنالوجی حقیقی چہروں کے ساتھ ساتھ کارٹونز یا پینٹنگز سے بھی ویڈیوز تیار کرسکتی ہے، یہاں تک کہ الفاظ کے مطابق ہونٹ ہلتے نظر آتے ہیں جبکہ ان کے چہرے اور سر کی حرکات بھی قدرتی نظر آتی ہیں۔

کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے vasa-1 نامی ویب سائٹ بھی جاری کی ہے جبکہ اے آئی ماڈل کا نام بھی یہی رکھا گیا ہے۔

اس سے بنی ویڈیوز دیکھنے میں متاثر کن ہیں جیسے مونا لیزا کی ویڈیو، مگر اس کے ساتھ ساتھ اندازہ ہوتا ہے کہ اسے ڈیپ فیک ویڈیوز کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو تعلیمی شعبے یا بولنے میں مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کی مدد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کو انسانوں کو ورچوئل ساتھی تیار کرنے کے لیے بھی کیا جاسکتا ہے۔

فی الحال مائیکرو سافٹ کی جانب سے اسے عام افراد کے لیے جاری نہیں کیا جا رہا۔

اس سے قبل مائیکرو سافٹ کی شراکت دار کمپنی اوپن اے آئی نے بھی اپنے نئے اے آئی ویڈیو ٹول Sora کو عام افراد کے لیے جاری نہیں کیا تھا۔

مائیکرو سافٹ نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ ہم حقیقی افراد کی گمراہ کن یا نقصان دہ مواد تیار کرنے کے رویوں کے مخالف ہیں۔

بلاگ پوسٹ کے مطابق کمپنی کا اسے عام افراد کے لیے متعارف کرانے کا اس وقت تک کوئی ارادہ نہیں جب تک اس کے درست استعمال کو یقینی نہ بنالیا جائے۔

مزید خبریں :